لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے سفیر یاؤ جنگ کی ملاقات
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے سفیر یاؤ جنگ نے ملاقات کی۔
ترجما ن وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،
پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت اور پاکستان مسلم
لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال
کیا گیا۔
چینی سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا
صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔چینی سفیر نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی
جانب سے بھی وزیراعلیٰ شہبازشریف کو پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
چینی سفیر نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر کی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے نام تہنیتی پیغام بھی دیا۔
چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا آپ کاپارٹی صدر منتخب ہونا آپ کی صلاحیتوں اور
انتھک محنت کا اعتراف ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن)
میں تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آپ کی قیادت میں دونوں جماعتوں میں تعلقات
میں مزید وسعت آئے گی۔ آپ نے اپنی بے مثال قیادت کے ذریعے ترقی کے سفر کو
تیز تر کیا ہے۔پنجاب کے عوام آپ کے ترقیاتی وڑن کے معترف ہیں۔
چینی سفیر نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو چین میں ہونے والی انٹرنیشنل پولیٹیکل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونٹ
پارٹی آف چائنہ کے تعلقات میں بہت اضافہ ہوا ہے۔پارٹی ٹو پارٹی تعلقات
بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ
پارٹی آف چائنہ روایتی دوست جماعتیں ہیں۔چین پاکستان کا سب سے بااعتماد
دوست ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہاچین کی قیادت نے پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنی
والہانہ محبت کا ثبوت سی پیک کے ذریعے دیا ہے۔ سی پیک خطے کے لئے گیم چینجر
ثابت ہوا ہے۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے چین کی تیز رفتار ترقی کو نئی جہت
دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے پارٹی صدر منتخب ہونے پر چینی قیادت کی جانب سے نیک خواہش کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔