کراچی، کراچی میں سرمایہ کاری کے انتہائی پرکشش مواقع دستیاب ہیں، گورنر سندھ
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا
ہے کہ وفاقی حکومت ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے شب وروز مصروف عمل ہے ،
کراچی کو دنیا کے معاشی نقشے پر ابھارنے کے لیے بھرپور اقداما ت کیے جارہے
ہیں، کراچی میں سرمایہ کاری کے انتہائی پرکشش مواقع دستیاب ہیں، قدرتی
وسائل سے مالا مال صوبے میں تعلیم یافتہ، تجربہ کار اور کم اجرت والی
افرادی قوت سرمایہ کاروں کے لیے بہت پرکشش ہے ۔
فارن سروسز اکیڈمی کے
تحت غیرملکی سفارت کاروں کے لیے منعقدہ کورس کے شرکاسے گورنر ہاؤس میں خطاب
کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ چار پانچ سال قبل سیکیورٹی کی صورت حال کے
باعث کوئی غیر ملکی یہاں آنے کو تیار نہ تھا، توانائی بحران کے باعث بلیک
آؤٹ کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا کیونکہ اس وقت بجلی کی پیداوار بڑھانے کا کوئی
بھی منصوبہ پائپ لائن میں نہیں تھا، اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود
حکومت معاشی استحکام پیدا کرنے میں کامیاب رہی، کراچی کی رونقیں بحال ہوچکی
ہیں، آج کا کراچی پرامن اور مستحکم ہے ، کاروباری ماحول انتہائی موزوں ہے
، سرمایہ کاری کی گنجائش بڑھی ہے ۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جنوبی
ایشیاء ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے ،
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہمیشہ فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا
کیا،سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے گیم چینجر ہے ۔
کورس کے شرکاء
نے گورنر سندھ سے صوبائی ترقی اور امن سے متعلق سوالات کیے جن کے انہوں نے
تسلی بخش جواب دیئے ، ملاقات میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورت حال، ہمسایا
ممالک سے پاکستان کے سفارتی تعلقات اورانہیں مزید بہتر بنانے کے لیے کیے
جانے والے اقدامات اور دیگر دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔