اسلام آباد،ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کے طور پر کمان سنبھال لی
ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کے طور پر کمان
سنبھال لی, وزارت دفاع کی جانب سے نئے ائیر چیف کی تقرری کیلئے چار ناموں
کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو ارسال کی گئی تھی,صدر مملکت نے وزیراعظم
شاہد خاقان عباسی کی ایڈوائس پر ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ
کا نیا سربراہ نامزد کیا گیا ۔
پاک فضائیہ میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہیڈ کوارٹر میں ہوئی,سہیل
امان نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو کمان سونپی,اس موقع پر جے ایف 17
تھنڈر نے سبکدوش ہونے والے ائر چیف مارشل سہیل امان کو سلامی دی۔
ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کے 22ویں سربراہ ہیں,وہ ائیر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مجاہد انور خان اس سے قبل ایئر ہیڈ کوارٹرز
اسلام آباد میں بطور ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف خدمات انجام دے رہے تھے۔
مجاہد انور خان نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983 میں
کمیشن حاصل کیا, مجاہد انور خان نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے اعزازی
شمشیر، بہترین پائلٹ ٹرافی حاصل کی اور وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف
کمیٹی گولڈ میڈل کے حق دار قرار پائے۔
سبکدوش ہونے والے ایئر چیف سہیل امان نے پاک فضائیہ میں کمانڈ اینڈ چینج
کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینا میرے
لیے اعزاز کی بات ہے اور حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے جبکہ
پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
سہیل امان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں
بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آج ملک میں امن قائم ہو گیا جبکہ دہشتگردی
کے ناسور کو ختم کر دیا گیا ہے، پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق لیس
کیا جا رہا ہے جبکہ مشکلات کے باوجود افسران کا تعاون قابل تحسین ہے۔