کراچی، معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کر لی
معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت
اختیار کر لی ہے، عمران خان کی جانب سے انھیں پارٹی میں شمولیت پر خوش
آمدید کہا گیا ہے۔
کراچی میں عامر لیاقت اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے
خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کا سٹیٹس کو کی جماعتوں سے
مقابلہ ہے، تحریکِ انصاف کراچی میں بھی تبدیلی لے کر آئے گی۔ ہم چاہتے
ہیں کہ کراچی کے عوام تحریکِ انصاف کو موقع دیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف پورے
پنجاب کا بجٹ صرف ایک شہر پر لگا دیتے ہیں، پنجاب کا زیادہ تر بجٹ لاہور پر
خرچ ہوتا ہے اور سارا سرمایہ سڑکوں پر لگایا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب
جنوبی پنجاب میں گزشتہ 30 سالوں سے ایک ہسپتال تک قائم نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ میں نے پی ٹی
آئی میں آنے میں دیر کر دی لیکن اب یہی جماعت ہے اور یہی مرا آخری
ٹھکانہ ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے تحریکِ انصاف میں نہیں بلکہ پاکستان کو
جوائن کیا ہے کیونکہ عمران خان کرپشن مافیا کیخلاف کھڑے ہیں، میں اس جنگ
میں ان کے شانہ بشانہ ان کا ساتھ دوں گا۔