لاہور ، پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے
پاکستان سپر لیگ تھری کے پلے آف میں شرکت کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور
زلمی اور کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی لاہور پہنچ گئے اور کچھ کھلاڑی آج
پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔
غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے غیرملکی کھلاڑی رات گئے لاہور پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
لاہور پہنچنے والوں میں پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی، لیام ڈاؤسن، کرس جارڈن،
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رائلی روسو، کراچی کنگز کے روی بوپارا، کرس گرین اور
کولن انگرم شامل ہیں۔ جوڈینلی، لینڈل سمنز اور ڈیوڈویسی بھی پاکستان آنے
والوں میں شامل ہیں۔
پشاور زلمی کے تمیم اقبال اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمود اللہ بھی آج صبح
سری لنکا سے پاکستان پہنچ گئے اور اپنی ٹیموں کو جوائن کرلیا، بنگلادیش سے
تعلق رکھنے والے تمیم اقبال آج ٹیم کے ساتھ اپنی 29 ویں سالگرہ بھی منائیں
گے۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی تھسارا پریرا بھی
آج لاہور پہنچ کر اپنی ٹیم کو جوائن کریں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر
ملکی کھلاڑی 24 مارچ کو دبئی سے براہ راست کراچی پہنچیں گے اور نیشنل
اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلیں گے۔
اس سے قبل غیرملکی کمنٹیٹر بھی لاہور پہنچے تھے جن میں ایلن ولکنز، ڈیرن
گنگا اور مائیکل سلیٹر شامل ہیں اور وہ ایلی منیٹرز میچز کے دوران رمیز
راجا اور بازید خان کے ہمراہ کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویون رچرڈز اپنی پارٹنر کو بھی ساتھ لا کر پاکستان کے پرامن ہونے کا پیغام دیدیا۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں موجود لیجنڈ کرکٹرنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے
کہا کہ لاہور میں دوبارہ آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ
گزشتہ برس کے برعکس اس بار ہم زیادہ کامیاب ثابت ہوں گے۔ یہاں سب کو دیکھ
کر بہت مزہ آ رہا ہے اور یہ اتنی اچھی جگہ ہے کہ میں مشل کو بھی ساتھ لایا
ہوں اور یہ میرے لئے سب سے اہم بات ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان
ایک پرامن ملک ہے، یہاں پر شاندار انتظامات پر میزبانوں کو شکریہ ادا کرتے
ہیں۔
واضح رہے کہ سرویون رچرڈز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ہیں اور وہ نوجوان
پلیئرز کی حوصلہ افزائی میں پیش پیش رہتے ہیں اور کھیل میں بہتری کیلیے
مفید مشوروں سے بھی نوازتے ہیں۔