کراچی، راؤ انوار کو کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہیے،پیر رحمان محسود
سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو آج انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت
میں پیش کیا جائےگا،محسود قبیلے کےقانونی مشیر پیر رحمان محسود کا کہنا ہے
کہ راؤ انوار کو کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہیے۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں
سے گفتگو کرتے ہوئے محسود قبیلے کے قانونی مشیر پیر رحمان محسود کا کہنا
تھاکل راؤ انوار دو مہینے کی روپوشی کے بعد سا منے آئے جس میں چیف جسٹس
کا کلیدی کردار ہے اور ہم سندھ پولیس کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں جبکہ پر
امید ہیں کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائیگا۔
محسود قبیلے کے قانونی مشیر کا کہنا تھا آج راؤ انوار کو ریمانڈ کے لئے
پیش کریں گے جو تفتیش کا حصہ ہے امید کرتے ہیں کہ آج انہیں پولیس کسٹڈی دی
جائیگی تاکہ کیس آگے چل سکے۔
پیر رحمان محسود کا مزید کہنا تھا کہ نقیب اللہ محسود کا قتل ہی نہیں قانون
کا قتل ہے راؤ انوار کے خلاف کافی کیسز پینڈنگ ہیں،ریاست کے حالات وہ نہیں
جو پہلے تھے ،انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہیے تاکہ ریاست مزید مضبوط
ہو سکے۔