اسلام آباد،نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکی نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکی
نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے نیب ریفرنسزمیں
ایک ہفتے کیلئے حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواستیں دائر کی تھیں،درخواست
کےساتھ کلثوم نوازکی میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا کہ نیب نے
نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کررکھی ہے، میڈیکل
رپورٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ پورے خاندان کو لندن میں موجود ہونا چاہیے،
کلثوم نواز کے دونوں بیٹے حسین اور حسن نواز پہلے ہی لندن میں موجود ہیں،
اس لئے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی جائے، عدالت نے درخواست
پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سماعت کے دوران پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے ایون فیلڈ
پراپرٹیز ریفرنس میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ طارق شفیع نے دوران
تفتیش قطری شہزادے کے ساتھ معاہدے اور بارہ ملین درہم نقد دینے کا ذکر کیا،
انہوں نے بتایا کہ یہ رقم لندن فلیٹس کی سیٹلمنٹ کے لئے استعمال ہوئی،
متحدہ عرب امارات نے بتایا کہ آہلی اسٹیل ملز کے میٹریل کی دبئی سے سعودی
عرب منتقلی کا ریکارڈ نہیں، بی سی سی آئی کا واجب الادا قرضہ ادا نہ کرنے
پر طارق شفیع کو سزا ہوئی۔