لاہور، وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سا لمیت کے لیے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،چوہدری سرور
پاکستان تحریک انصاف لاہور کی جانب سے 23مارچ یوم قرارداد پاکستان کی مناسبت سے ماڈل ٹاؤن میں تقریب کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت ولید اقبال نے کی جبکہ مہمان خصوصی سینیٹر چوہدری محمد سرور تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے تحریک انصاف کے اتحادکی خبریں بے بنیادہیں،تحریک انصاف نے بلوچستان اور ملک کی بہتری کیلئے سینیٹ میں یہ اہم قدم اٹھایا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا ۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، جس میں باشعور لوگوں کی اکثریت موجود ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ انفرادی فیصلوں سے ملک کو نقصان پہنچا اس لئے قربانی دیکر بھی اجتماعی فیصلے کرنے کی ضرورت ہے،برصغیر کے مسلمانوں کو قائداعظم ؒ کی دوراندیش قیادت میں ایک ایسی قوت عطا کر دی جس کی جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں دنیا کی تار یخ و جغرافیہ دونوں تبدیل ہو گئے اوربے سمت قوم کو ایک واضح نظریاتی شناخت مل گئی، بساطِ عالم پر جس کا نقش دائمی ہے۔
چوہدری سرور کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن ہم قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دینے والے ان شہیدوں اور غازیوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سا لمیت کے لیے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔