لاہور ، محدود وسائل کے باوجود مسائل پر قابو پالیاہے،شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن کو چیئرمین سینیٹ تبدیل کرنے کی
پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ وہ ہے جس کے لیے پیسے دے کر ووٹ
خریدا گیا اور ان کی عوام میں کوئی عزت نہیں لہٰذا صادق سنجرانی کو ہٹاکر
متفقہ چیئرمین سینیٹ لائیں۔
لاہور میں پاکستان کی پہلی سی سی وی کیبل ،ایلمونیم الائے پلانٹ کی افتتاحی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2013 میں
ملک کو شدید لوڈ شیڈنگ کا سامنا تھا، موجودہ حکومت نے 5 سال میں 10 ہزار سے
زائد میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار کے لیے متبادل ذرائع پر بھی کام
کیا، محدود وسائل کے باوجود مسائل پر قابو پالیاہے، موجودہ دورمیں بجلی
چوری اور لائن لاسز پر قابو پانا چیلنج ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میاں نواز شریف کا ویژن کامیاب رہا، حکومت نے
ایسے منصوبے شروع کیے ہیں جس سے 15سال تک ملک میں بجلی کی قلت نہیں
ہوگی۔ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے گا، اب نہ کوئی جوڈیشل مارشل لاء
آئے گا اور نہ کوئی اور مارشل لاء آئے گا، جو عوام کا فیصلہ ہوگا وہ
سرآنکھوں پر ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جولائی میں الیکشن ہے اور اس میں جو عوام فیصلہ کریں
گے وہ حکومت آئے گی، اگست میں عوام کو نئی حکومت ملے گی اور پاکستان کی
ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید اور توقع ہے کہ حکومت
کی جو پالیسیز ہیں وہ قائم رہیں گے، کوشش ہے اپوزیشن کے ساتھ مل کر ایسا
ایجنڈا تیار کیا جائے جس سے پالیسی کا استحکام ہو تاکہ سرمایہ بغیر کسی خوف
کے سرمایہ کاری کریں۔