کراچی،سری لنکا کے صدر کی اسلام آباد سے آمد، ایئر پورٹ پر گورنر سندھ نے کولمبو کے لئے رخصت کیا
گورنر سندھ محمد زبیر نے اسلام آباد سے واپسی پر قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کا خیر مقدم کیا،اس موقع پر سری لنکن صدر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، تجارتی وفود کے تبادلوں ور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ نے کہا کہ یوم پاکستان کی پریڈ میں سری لنکن صدر کی بطور مہمان خصوصی شرکت دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ سری لنکن صدر کی پاکستان آمد اور پریڈ میں شرکت پر پوری پاکستانی قوم ان کی مشکور ہے، سری لنکا پاکستان کا نہایت قریبی دوست ہے ، دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی تعلقات ہیں ،جن کی بنیاد پر باہمی احترام پر ہے ، سری لنکا اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے کے نہایت قریب ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لئے باہمی تجارت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں سری لنکن صدر کے دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،پاک سری لنکا تجارتی و کاروباری روابط میں تسلسل سے اضافہ دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں اہم ثابت ہو رہے ہیں لیکن پاکستان سری لنکا کے ساتھ سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کومزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے اس ضمن میں سری لنکن صدر کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کی مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں سری لنکا کی بھرپور مدد کی ہے ، پاکستان کی معاشی ترقی اور سی پیک پر بہت زیادہ خوشی ہے، انہو ں نے دونوں ممالک کے درمیان مزید قریبی تعلقات کے لئے جامع اقدامات کی ضرورت پر زور دیا,بعد ازاں گورنر سندھ نے انہیں کولمبو کے لئے رخصت کیا۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ محمد رضوان میمن ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر بھی موجود تھے۔