لاہور،مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا احتجاجی دھرنا
لاہور میں مال روڈ پرلیڈی ہیلتھ ورکرز نےمطالبات کے حق میں دھرنا دیا، جس
کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، لیڈی ہیلتھ ورکرز کی
جانب سے ن لیگ اور پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ
پنجاب بھر کی لیڈی ہیلتھ ورکرز، سپروائزرز اور ڈرائیورز آج پنجاب اسمبلی کے
سامنے دھرنا دینگے۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب گزشتہ ایک سال سے 50ہزار ہیلتھ
ورکرز کیساتھ جھوٹے وعدے کر رہی ہے، حکومت نے ہیلتھ ورکرز کے سروس سٹرکچر
اور بقایا جات کی ادائیگی کے مسائل تاحال حل نہیں کئے، احتجاج اس وقت تک
جاری رہے گا جب تک حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کر لیتی۔
دوسری جانب مال روڈ پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا اور
لوگوں کو اپنے روز مرہ کے امور انجام دینے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔