Mar 26, 2018 06:08 pm
views : 470
Location : Governor House
Karachi- PM Shahid Khaqan Abbasi meets members of business community in Karachi
اسلام آباد ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ملاقات
کراچی میں بزنس کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے
کہا کہ حکومت اپنی مدت اکتیس مئی دوہزاراٹھارہ کو پور ی کرے گی اور آئندہ
عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کی جو رونقیں نظر آرہی ہیں
وہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ سینٹ انتخابات میں
کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ان سیاسی جماعتوں
کا یہ طرز عمل ملک میں جمہوریت کے لئے درست ثابت نہیں ہوگا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں پالیسیوں کا تسلسل جاری رہنا چاہئےتاکہ سرمایہ
کاروں کا اعتماد بحال رہے ۔بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنے ہوتے ہیں لیکن
ہماری کوشش رہی کہ ایسےفیصلے کئے جائیں جس سے معاشی نمو کو یقینی بنایا
جاسکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب جی ڈی پی کی ترقی نہیں ہوتی اور افراط زربڑھ
جاتا ہے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے توانائی بحران پر
قابوپایا ، ملک کے انفراسٹرکچر کو بہتر کیا ،پاک چین اقتصادی راہداری
منصوبہ شروع کیا جس کے ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ چھ فیصد ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جائے
تاہم دھرنے اورپاناماکی وجہ سے معیشت متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت
مضبوط ہوگی تو ملک بھی مضبوط ہوگا اور سیاست بھی مضبوط ہوگی ۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے اور صنعتوں کو فروغ دینے
میں بزنس کمیونٹی کا اہم کردار ہے وہ اس حوالے سے مزید متحرک کردار ادا
کریں ۔ وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کویقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو حل
کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پراقدامات کررہی ہے۔