کراچی ، گورنر سندھ محمد زبیر سے ایران کے سابق وزیر خارجہ کمال خرازی کی ملاقات
کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ایران کی غیر ملکی تعلقات کے بارے میں
حکمت عملی کونسل کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ کمال خرازی نے وفد کے ہمراہ
گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق وفد کے دیگر اراکین میں رسول اسلامی،مہدی
مصطفوی،باقر خرم شاد ،عبد الرضا ،سیف اللہ طاہری ،قونصل جنرل احمد
محمدی،محمد نصیر اور عبد الرضا سلطانی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران پاک ایران اقتصادی تعاون میں اضافہ کی ضرورت ، پاکستان میں
سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی دستیابی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر
تبادلہ خیال کیا گیا ۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ایران کے عوام نے انقلاب کے بعد بہت قربانیاں
دی ہیں۔دونوں ممالک اسلامی اخوت اور بھائی چارہ کے رشتہ سے منسلک
ہیں۔پاکستان اور ایران کے مابین انتہائی قریبی برادرانہ تعلقات کی بنیاد
خلوص اور باہمی احترام پر ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم
بنانے کے لئے تجارتی تعلقات میں اضافے کی ضرورت ہے۔
محمد زبیر نے کہا کراچی ملک کا معاشی حب ہے، یہاں ہونے والی کوئی بھی
سرگرمی ملکی معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے۔ 2013 اور آج کے کراچی میں واضح
فرق ہے۔ امن و امان ،توانائی کی صورتحال میں بہتری اسے سرمایہ کاری کے لئے
آئیڈیل شہر بناتی ہے۔ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد اور سیکورٹی فراہم کی
جارہی ہے۔