گڑھی خدا بخش،پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے
پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے لاڑکانہ میں منائی جارہی ہے،انہیں قتل کے ایک مبینہ مقدمے میں 39 سال قبل آج ہی کے دن تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو کھونے کا درد صدیوں تک محسوس کرتی رہے گی۔
پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہونے والے ذوالفقار علی بھٹو نے کیلیفورنیا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی،انہوں نے 30 نومبر 1967 کو پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی جو بعد ازاں پاکستان کی سب سے بڑی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی، ذوالفقار علی بھٹو 1971سے 1973تک صدر مملکت اور 1973سے 1977تک وزیراعظم پاکستان رہے، ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 میں پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دیا جبکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع کرنے کا سہرا بھی ان کے سر جاتا ہے، ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ اس وقت کے جنرل ضیا الحق نے الٹ دیا اور 4 اپریل 1979 کو قتل کے مقدمے میں انہیں پھانسی دے دی گئی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کے ایصال ثواب کیلئے مزار پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں مقامی رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے، برسی ميں شرکت کیلئے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور مرکزی رہنما نوڈیرو پہنچ چکےہیں۔
گڑھی خدا بخش اورنوڈیرو میں اہم سیاسی شخصیات کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے ہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے گڑھی خدا بخش اوراطراف میں 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ٹریفک اہلکار بھی تعینات ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موجود ہیں۔ مزار کے اندر اور جلسہ گاہ ميں داخل ہونے کیلیے واک تھرو گیٹ قائم کیے گئے ہیں۔