کراچی ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کا دورہ
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی وفاق ایوان ہائے
تجارت و صنعت ، پاکستان کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد تاجر برادری اور بحری
شعبے کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا تاکہ ملکی معیشت کو فروغ دیا جاسکے۔
تاجر برادری کے نمائندوں اور ایف پی سی سی آئی کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے
نیول چیف نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کے معاملے میں معاشی حالات کی اہمیت
ملٹری یا خارجہ امور جیسی ہی ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کسی قوم کی
معیشت کی صورتحال اس کی نیشنل سیکیورٹی کا سب سے اہم جزو ہوتا ہے چنا چہ
فوجی صلاحیتوں کے بقاء4 کے لیے مضبوط اور پائیدار قومی معیشت ناگزیر ہے۔
بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ موجودہ دور میں
بحری افواج کا بنیادی مقصد بین الاقوامی معاشی سسٹم کا دفاع ہے اور اس
سلسلے میں بحری افواج کا کلیدی کردار ہے۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا کہ کانٹینینٹل شیلف سمیت جس کا رقبہ
290,285مربع کلومیٹر ہے ، پاکستان کے بحری رقبے میں بیش بہا سمندری وسائل
موجود ہیں۔ لیکن ہم آج تک ان کو مکمل طور پر استعمال میں نہیں لا سکے ہیں۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ وہ وقت آگیا ہے کہ ہم ہر سطح پر بحری آگہی کو فروغ
دیں تا کہ سمندری وسائل کو پاکستان کی ترقی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ اس
سلسلے میں پاک بحریہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے احیاء4 کے لیے کوشاں
ہے اور اس کے لیے تاجر برادری کو ہر طرح کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا
کہناتھا کہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر اور بالخصوص جہاز رانی کی صنعت میں
تاجر برادری کے لیے سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔ پاکستان میری ٹائم
سیکٹر کو ترقی دے کر اپنی بنیادی ملکی پیداوار(جی ڈی پی) کو دو سے تین گنا
تک بڑھا سکتا ہے۔ نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری
کے کلیدی ادارے کے طور پر ایف پی سی سی آئی، میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں
بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے صدر غضنفر بلور نے اپنے خطبہ میں
بحری تجارتی راہداریوں کو محفوظ بنانے میں پاک بحریہ کت کردار اور کاوشوں
کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی نیول چیف نے وفاق
ایوان ہائے تجارت و صنعت کا دورہ کیا ہے۔
سینیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سید مظہر علی ناصر ، پاکستان شپس ایجنٹس
ایسوسی ایشن کے چئیر مین جناب محمد راجپر، صدربدر بدت اور نائب صدر ایف پی
سی سی آئی طارق حلیم نے بھی اس موقع پر حاضرین سے خطاب کیا۔
پاک بحریہ کے افسران ،ایف پی سی سی آئی کے ممبران اور تاجر برادری کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔