چین، پاک چین تعلقات کی حالیہ تاریخ میں نظیر نہیں ملتی ،شاہد خاقان عباسی
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چین میں باؤفورم کی سالانہ تقریب سے خطاب
کرتے ہوئے شی جن پنگ کو دوبارہ صدر بننے پر مبارکبا د دی اور چینی حکومت کی
والہانہ مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے پاک چین تعلقات کے حوالےسے کہا کہ پاک چین تعلقات کی حالیہ
تاریخ میں نظیر نہیں ملتی، پاک چین تعلقات بے مثال ہیں، چین عالمی تجارت
میں اہم کردار ادا کررہا ہے، امید ہے چین شی جن پنگ کی زیر قیادت ترقی کی
نئی منازل طے کرے گا۔ بر اعظم ایشیا دنیا کی وسیع تر آبادی، رقبے اور
وسائل کا حامل ہے، ایشیا کوعالمی اقتصادی نظام وضع کرنے کے لیے اہم کردار
ادا کرنا ہوگا، خطےکی ترقی اورفاصلے سمیٹنےمیں سلک روٹ کا اہم کردار ہے،
چوتھا صنعتی انقلاب دستک دے رہا ہے، آج انسان ٹیکنالوجی کی انتہاؤں کو چھو
رہا ہے، مصنوعی ذہانت اور بائیوٹیکنالوجی نئی دنیائیں تخلیق کررہی ہیں،
سائنسی ایجادات، بزنس اورگورننس کےتقاضےبدل گئے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نےسی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہائی ویز،
موٹر ویزپر صنعتی منصوبے سی پیک کا اہم حصہ ہیں، سی پیک چین، جنوبی ایشیا،
مشرق وسطی کو منسلک کرنے کا ذریعہ ہے، سی پیک باہمی تعاون اور بے مثال ترقی
کا شاندار نمونہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا چینی کہاوت ہے پہاڑ ہلانے سے پہلے پتھر ہٹانا ہوتے ہیں،
پتھر ہٹانے اور پہاڑ ہلانے کا وقت آچکا ہے۔ اقتصادی ترقی اور خوشحالی امن
اور برداشت کو فروغ دیتی ہے۔ پاکستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے
شاندار مواقع پیش کرتا ہے، پاکستان کی معیشت سالانہ 6 فیصد کے حساب سے ترقی
کررہی ہے۔ 2050 میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا، سی
پیک میں شامل گوادر بندر گاہ عالمی تجارتی مرکزبننے والی ہے۔