کراچی،فاروق ستار کو مضبوط پوزیشن میں دیکھنا چاہتے ہیں،خالد مقبول صدیقی
رہنما ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ فاروق ستار 5 فروری والی رابطہ کمیٹی چلانے کے لیے آجائیں ہم ساتھ کھڑے ہیں تاہم 15 اور 16 اپریل کے بعد جو آئے گا وہ کارکن کی حیثیت سے آئے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم فاروق ستار کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ،انہیں مضبوط پوزیشن میں دیکھنا چاہتے ہیں اور ان سے رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، آخری بار رابطے پر فاروق ستار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی درخواست کی تھی، فاروق ستار نے کہا آپ کے بار بار آنے سے میری پوزیشن خراب ہوتی ہے، ہم ان کی مشکل کو سمجھتے ہیں، امید ہے فاروق بھائی کے ساتھ مسئلہ کسی حل تک پہنچ جائے گا۔
خالد مقبول صدیقی نے رہنما ؤں کو واپس آکر کام کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ فاروق ستارآئیں اور بہادرآباد آکر کام کریں، ان کے وقارکی ذمہ داری میری ہے، فاروق ستار کو 5 فروری کے بعد والے حالات یاد بھی نہیں رہیں گے، 15، 16 اپریل تک ساتھی واپس آجائیں اور پرانی ذمےداریوں پر کام کریں، اس کے بعد آنے والے لوگوں کی ذمہ داریوں کا تعین نئے سرے سے کیا جائے گا۔