Apr 12, 2018 04:36 pm
views : 453
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh Muhammad Zubair meets Punjab Education Minister Rana Mashood
کراچی ، ترقی و خوشحالی اور عوام کا طرز زندگی بدلنے میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے، گورنرسندھ
کراچی میں گورنر سندھ محمدزبیر سے پنجاب کے صوبائی وزیر اسکول ایجوکیشن رانا مشہود احمد خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اس موقع پر سینیٹر سلیم ضیاء بھی موجود
تھے۔ ملاقات میں بین الصوبائی ہم آہنگی ، موجودہ نظام تعلیم اور عصر حاضر
کے تقاضے ،اسکول سطح پر دی جانے والی تعلیم و تربیت ، خواندگی کی شرح
بڑھانے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معاشی استحکام ، ترقی و خوشحالی اور عوام
کا طرز زندگی بدلنے میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے ،اسکولز میں دی جانے والی
بنیادی تعلیم نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے ، تعلیم سے لگاؤ ، روشن
مستقبل اور درست سمت گامزن کرنے میں انتہائی ناگزیر ہے اس ضمن میں قومی
تقاضوں ، علمی ضروریات اور عصر حاضر سے ہم آہنگ تعلیمی نصاب کی تیاری وقت
کا اہم تقاضہ ہے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعدمعاشی استحکام ، عوامی فلاح
وبہبو د کے ترقیاتی منصوبوں،سماجی شعبہ کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی
فراہمی کے ساتھ ساتھ خواندگی کی شرح مزید بڑھانے کے لئے حکومت ترجیحی
بنیادوں پر اقدامات یقینی بنارہی ہے،عصر حاضر میں ہونے والی تبدیلوں با
الخصوص سائنس و ٹیکنالوجی کے اس دور میں اسکول سطح پر نصاب کی تبدیلی
انتہائی ناگزیر ہے اس ضمن میں حکومت عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی
تیاری میں ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے تاکہ تیز رفتار
ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات میں رانا مشہود احمدخان نے گورنر سندھ کو پنجاب میں اسکول سطح کی
تعلیم کے فروغ ، نصاب کی تیاری اور نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی
جانب راغب کرنے کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات اوران کے نتائج سے آگاہ
کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں اسکولوں کو اپ گریڈکرنے کے ساتھ ساتھ
نئے اسکول تعمیر کئے جا رہے ہیں ، گرلز اسکولز کو اپ گریڈ کرنے سے خواتین
کی شرح تعلیم میں مزید اضافہ ہو رہا ہے جبکہ صوبہ میں تعلیم کے شعبہ میں
پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔
رانا مشہود احمدخان نے کہا کہ صوبہ سندھ با الخصوص کراچی میں ساز گار ماحول
کے باعث سماجی سرگرمیوں میں اضافہ نظر آرہا ہے جو کہ خوش آئند ہے ، ملک کی
معاشی شہ رگ کی ترقی و خوشحالی دراصل پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہی ہے۔