لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، لیہ،
جام پور، راجن پور اور جہانیاں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی
اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف
کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کیا۔ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور
ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی
حکومت ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا حقیقی انقلاب لا رہی ہے۔پاکستان
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زائد ترقیاتی
فنڈز دیئے۔حکومت کے عملی اقدامات کا نتیجہ جنوبی پنجاب میں ترقی کی حقیقی
صورت میں نظر آ رہا ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہا آج جنوبی پنجاب حقیقی ترقی پر گامزن ہو چکا ہے۔ عوام
ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات ایک کرنے والی حقیقی لیڈرشپ کوبخوبی جانتے
ہیں۔جنوبی پنجاب کے حوالے سے عملی اقدامات کرنے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے سر
ہے۔