کراچی،صرف گیس کی فراہمی کا رونا رو کر کے الیکٹرک بری الذمہ نہیں ہوسکتی ہے،فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان (پی آئی بی)کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے ، پتنگیں کٹ کر کسی کے بھی آنگن میں گرے ہمیں فرق نہیں پڑتا، ہمارے کارکنان کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے اس پر جلد فیصلہ کرینگے،صرف گیس کی فراہمی کا رونا رو کر کے الیکٹرک بری الذمہ نہیں ہوسکتی ہے ۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقے اور کراچی کی بہت بری صورتحال ہے، سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کا سلسلہ جاری ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوارں کو دوسری جماعتوں میں دھکیلا گیا، پتنگیں کٹ کر کسی کے بھی آنگن میں گرے ہمیں فرق نہیں پڑتا،کراچی شہر میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ پر انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک ہر سال گرمیوں میں لوڈشیڈنگ شروع کر دیتی ہے صرف گیس کی فراہمی پر رونا روکر کے الیکٹرک اپنی زمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی ۔
ایم کیو ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ مراد علی شاہ آپ نے تھر میں ائیر پورٹ بنانے پر کیوں پیسے خرچ کئے تھر میں بنیادی ضروریات کا مسئلہ ہے اس پر زیادہ توجہ دیں،ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے اس پر جلد فیصلہ کرینگے۔