لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے راجن پور، رحیم یار خان،
وہاڑی اور ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق رحیم یار خان سے ارکان قومی اسمبلی میاں
امتیاز احمد، شیخ فیاض الدین، راجن پور سے ڈاکٹر حفیظ الرحمن خان دریشک،
وہاڑی سے سید ساجد مہدی اور صوبائی وزیر نغمہ مشتاق لانگ نے ملاقاتیں کیں
۔ملاقات میں سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر
بننے پر مبارکباد دی اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی
حکومت نے جنوبی پنجاب کو رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 42 فیصد سے زائد
ترقیاتی فنڈز فراہم کئے۔ جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین،
ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس، عالمی معیار کی اعلیٰ ادویات اور دیگر طبی سہولتیں
فراہم کی جا رہی ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ جنوبی پنجاب کے
عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہاسیلاب ہو یا کوئی آفت، حادثہ ہو یا کوئی مشکل، ہم نے
ہمیشہ منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر جنوبی پنجاب کے عوام کی بھرپور خدمت کی
ہے۔ جنوبی پنجاب کے دیہات میں پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے کے تحت
ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی گئی ہے۔سڑکوں کی تعمیر سے
دیہات کے لاکھوں مکینوں کو آمد و رفت میں آسانی اور کھیت سے منڈی تک اجناس
کی آسان ترسیل ممکن ہوئی ہے۔