راولپنڈی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے خیبر پختونخوا کے عمائدین کی ملاقات
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے خیبر پختونخوا کے عمائدین نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق
سینیٹرز ، ارکان قومی اسمبلی، تاجر ، وکلاء اور اساتذہ ملاقات کرنے والوں
میں شامل تھے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے عمائدین سے ملاقات میں کہا کہ افغان مہاجرین کے
روپ میں چھپے دہشت گردوں سے خطرہ ہے، بحیثیت قوم انتہائی کٹھن وقت سے
گزرچکے ہیں ۔
آرمی چیف نے پاکستان بالخصوص فاٹا اور خیبر پختونخوا کے عوام کے عزم و جرأت
کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج متاثرہ علاقوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کی
بھرپور حمایت کرتی ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے
خلاف ابھی بہت کچھ کیا جانا ہے۔آرمی چیف نے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف
جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور سیکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔
آخر میں آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج بطور
ریاستی ادارہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے
اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کو حاصل ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارا وژن پرامن پاکستان اور خوشحال خطہ ہے اور ہماری جدوجہد اس مقصد کے حصول تک جاری رہیں گی۔