اسلام آباد، نواز شریف پر ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام نہیں لگ سکا لیکن انہیں تا حیات نا اہل قرار دے دیا ،مریم اورنگزیب
سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کی مدت سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے،فیصلے کے مطابق نواز شریف کو ایک پار پھر نا اہل قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور مسلم لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 62ون ایف کا فیصلہ بھی ویسا ہی ہے جیسا فیصلہ طیارہ سازش کیس میں نواز شریف کے خلاف آیا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے منتخب وزیراعظم کو اقامے پر نکالا ،ابھی اس معاملے پر نیب عدالت میں ٹرائل جاری ہے کہ اسی دوران 62ون ایف کا فیصلہ بھی آگیا ،یہ و ہی مذاق ہے جو ماضی میں وزرائے اعظم کے ساتھ ہوا۔
سپریم کورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ واٹس ایپ پر جے آئی ٹی کس نے بنائی سپریم کورٹ جواب دینے سے قاصر ہے ،ابھی تک نواز شریف پر ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام نہیں لگ سکا لیکن انہیں تا حیات نا اہل قرار دے دیا ،ایسے فیصلوں کا خمیازہ ماضی میں بھی پاکستانی عوام کو بھگتنا پڑا ،پاناما فیصلے کی طرح پاکستانی عوام اس فیصلے کو بھی قبول نہیں کرے گی ۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں جو سیاسی لیڈرز کو اس طرح سے نا اہل قرار دے کر سمجھتے ہیں کہ سیاست ختم ہو گئی لیکن اس طرح سے سیاست کا نیا دور شروع ہو جاتا ہے ،آج بھی ایسا ہی ہوا، پاکستانی اداروں اور سپریم کورٹ کی عزت لازم ہے ،میں نے کسی کے خلاف کوئی ہتک آمیز بات نہیں کی ۔