Apr 13, 2018 07:55 pm
views : 590
Location : Risalpur PAF Academy
Risalpur- Graduation Parade at PAF Academy
رسالپور،آپ پاک فضائیہ کے مستقبل کے معمار ہیں جو اپنی لگن سے اسے دنیا کی
بہترین فضائیہ بنائیں گے،کمانڈر پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس
چین کی پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کے کمانڈر لیفٹینینٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے
پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں 139 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،85 ویں انجینئرنگ
،95 ویں ائیر ڈیفنس، 20 ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز اور چوتھے
لاجسٹکس کورسزکی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ"آپ پاک فضائیہ کے
مستقبل کے معمار ہیں جو اپنی لگن سے اسے دنیا کی بہترین فضائیہ بنائیں گے"
۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کے کمانڈر
اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ مہمان کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے
سربراہ ائیر چیف مارشل مجا ہد انور خان نے ان کا خیر مقد م کیا۔
مہمان خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا "کہ آپ
ملکی خود مختاری اور سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فریضہ سر انجام دیں گے۔ مجھے
امید ہے کہ آپ پی ایل اے اے ایف کے نوجوان افسران کے ساتھ مل کر دونوں
فضائی افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور
کردار ادا کر یں گے۔
کمانڈر لیفٹینینٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے مزید کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے
آغاز سے ہی ہم نے بہترین دوستی اور تعاون کی بنیاد رکھی۔ ہمارے دیر پا
دوستانہ تعلقات کی بنیاد باہمی رواداری اور خلوص پر مبنی ہے جس میں دونوں
ممالک نے ہر قسم کے اہم معاملات میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کر کے
باہمی دوستانہ روابط کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی ائیر فورس کے کمانڈرنے مزید کہا کہ دونوں ممالک
کی فضائی افواج کے مابین بڑھتا ہوا عسکری تعاون ہمارے دوستانہ تعلقات کا
ایک اہم جز ہے۔حالیہ عرصے میں پاک فضائیہ اور پی ایل اے اے ایف نے آپریشنل
کمانڈ، مشترکہ مشقوں ، تربیت ، سامان کی ترسیل ، ہتھیار اور جنگی آلات کے
معاملات میں بھرپور تعاون کونئی منزلوں سے روشناس کروایا ہے۔
اس تقریب میں کل109 ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ
ہونے والے کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں
انعامات تقسیم کیے۔مہمان خصوصی نے نمبر 4سکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپین
سکواڈرن ہونے پر قائداعظم بینر سے نوازا۔
تقریب میں حسب روایت پی اے ایف اکیڈمی کی" شیر دل اور بریوہارٹ فارمیشنز"نے
مسحور کن مظاہرہ پیش کیا۔ اور پی اے ایف اکیڈمی کی پیرا موٹر گلائیڈر ٹیم
نے بھی اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔ حمزہ فلائیٹ کی شاندار ڈرل نے تقریب
کو چار چاند لگا دیئے جسے وہاں پر موجود مہمانوں نے بہت سراہا۔ اس تقریب
میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام ، غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ
ہو نے والے ایوی ایشن کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔