اسلام آباد،نواز شریف کو جب جب مائنس کیا گیا وہ پلس ہوئے،2018 کے اتخابات میں ن لیگ کو بارش کی طرح ووٹ پڑیں گے،مریم نواز
مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ جب جب نواز شریف کو مائنس کیا گیا وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر سامنے آئے۔
سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اتنا اہم شخص ہے کہ جسے ایک بار نہیں چار بار نااہل کیا گیا، نواز شریف کو 4 بار مائنس کیا گیا لیکن وہ پلس ہوتا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب نواز شریف کو مائنس کرنے اور عوام سے دور کرنے کی کوشش کی تو اللہ کے فضل اور عوام کی طاقت سے نواز شریف پہلے سے زیادہ مضبوط اور طاقتور ہو کر سامنے آتا ہے، یہ پہلی مرتبہ نواز شریف کو نااہل نہیں کیا گیا بلکہ مخالفین گزشتہ 30 سال سے نواز شریف کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، پرویز مشرف کے دور میں نواز شریف کو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کر دیا گیا اور جو جے آئی ٹی نواز شریف کے خلاف بنائی گئی تھی اس کے سربراہ واجد ضیاء نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت نہیں ملے،سازشیوں نے غلط اندازہ لگایا اور انہوں نے سوچا تھا کہ جب نواز شریف کو بیٹے سے غلط تنخواہ لینے پر نااہل کر دیا جائے گا تو وہ گھر بیٹھ جائے گا یا ملک چھوڑ کر چلا جائے گا لیکن نواز شریف سازشیوں کے سامنے ڈٹ گیا اور کہا کہ نہ میں جھکوں گا اور نا بکوں گا۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف زہر تو پی گئے مگر مخالفین کو تکلیف تب ہوئی جب وہ جی گئے، نواز شریف عدالتوں میں بیٹی سمیت پیش ہوتے رہے، اب نواز شریف اور مجھے ہتھکڑیاں لگ جائیں اور ہم جیل چلے جائیں لیکن عوام سب کچھ جان چکے ہیں۔