اسلام آباد،مریم نواز حادثاتی سیاستدان ہیں،مخالفین کے خلاف بیانات دینے سے پہلے اپنے والد کی سیاسی تاریخ پڑھ لیں،فواد چوہدری
تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور وکٹ گرا دی، رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف میں شامل ہو گئے،فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ آنے والے دنوں میں ن لیگ کی مزید وکٹیں گرائیں گے۔
اسلام آباد میں ذرائع الاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور آصف زرداری ساری عمر بھائی بھائی ہی رہے ہیں، نوازشریف نے تو وقت آنے پر پرویز مشرف کو بھی بھائی بنالیا تھا اور ان سے ہی حلف بھی لیا تھا، سعد رفیق، اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر نے بھی پہلا حلف مشرف سے ہی لیا تھا، مریم نواز کو اپنی تاریخ کا علم ہی نہیں، ان کے بھائی پیسے سنبھالنے میں مصروف ہیں اور وہ ایک حادثے کے نتیجے میں سیاست میں آگئیں، مخالفین کے خلاف بیانات دینے سے پہلے اپنے والد کی سیاسی تاریخ پڑھ لیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کو ایسی مشین بنادیا ہے جس کے بغیر آپ الیکشن نہیں جیت سکتے، اور ہم وہ سمندر بن گئے ہیں جس کی جانب تمام دریاؤں کا رخ ہے، (ن) لیگ کے بکھرنے کا عمل جاری ہے اور آئندہ چند روز اس کے مزید لوگ بھی پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں، پتہ نہیں انتخابات میں ہمارا مقابلہ (ن) لیگ سے ہوگا یا صرف چند ڈھیریاں ہی باقی بچیں گی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزیدکہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے سے بہتر ہے کہ بندہ سیاسی خودکشی کرلے، پی پی کے پاس تو اپنے امیدوار ہی نہیں ہیں، ہم نے چیئرمین سینیٹ کے لئے بھی ان کے ساتھ کوئی بات نہیں کی تھی اور ناہی کوئی ووٹ دیا تھا، خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کا نام مانگا ہے ہماری جماعت نے نام فائنل کرلیا ہے اور وہ نام ہم خورشید شاہ کو ہی دیں گے۔