کراچی،20اپریل کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا اور 27اپریل کو کراچی میں ہڑتال کی جائے گی،سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہمیں دشمن سے اتنا
خطرہ نہیں جتنا آستین کے سانپوں سے ہے,کرپٹ قیادت کی وجہ سے قومی ادارے
تباہ ہوئے،کراچی میں کوئی نیا تعلیمی ادارہ نہیں بنایا گیا اور یہاں صاف
پانی تو دور کی بات شہریوں کو پانی ہی میسر نہیں ہے۔
کراچی میں جماعت اسلامی یوتھ الیکشن کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے
ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی میں
بلدیاتی اور سندھ حکومت ناکام ہوچکی ہے، جے آئی یوتھ گلی کوچے کی سطح پر
شہریوں کی خدمت کرے گی،ہم عام انتخابات میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں
گے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں نوجوانوں کے الیکشن حوصلہ افزا
ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن ہو رہے ہیں،
20اپریل کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا اور 27اپریل کو کراچی
میں ہڑتال کی جائے گی۔