اسلام آباد،جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ گھٹیا عمل ہے،کیپٹن صفدر
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر کا کہنا ہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ گھٹیا عمل ہے،تمام عدالتیں اورجج پاکستان کی امانت ہیں،ہم لوگ آئین بناتے اور ججز تشریح کرتے ہیں، ہم لوگ آئین کی تشریح کرنے والوں پرفائرنہیں کرسکتے،ہم ان لوگوں کے خلاف ہیں جوآئین کو پھاڑتے اورپھینکتے ہیں۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےمسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کا کیس آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتا ہے، جے آئی ٹی نے جمہوری حکومت کے خلاف سازش کی، سب نے دیکھ لیا جے آئی ٹی کی رپورٹ عجلت میں بنی۔
کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ پہلے مارشل لاء کے ذریعے وزرائےاعظم کو گھر بھیجا جاتا تھا، اس بار جے آئی ٹی بنا کر وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا، ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں کچھ نہیں واجد ضیاء ہر بات پرکہتے ہیں انہیں پتہ نہیں ہے۔
علامہ خادم حسین رضوی کے حوالے سے کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ انکے پاس طاقتور وظائف ہیں جو وہ لوگوں کے دلوں میں گھر کر جاتے ہیں،انکی تسبیح بڑی ہے ہماری چھوٹی تاہم ہمارا وظیفہ بھی کام کرے گا۔