لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کی ملاقات
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق ملاقات کے دورا ن اراکین اسمبلی نے صوبے
کے عوام کی بے مثال خدمت پر محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر اراکین اسمبلی نے کہا آپ نے اپنی محنت اورویڑن کے ذریعے پنجاب
کو ایک مثالی صوبہ بنایا ہے۔لاہور سمیت پنجاب کے شہروں کی ترقی دیگر صوبوں
کیلئے قابل تقلیدبن چکی ہے۔پنجاب سپیڈ آپ کا اعزاز ہے۔انشاء اللہ اب پنجاب
سپیڈ پاکستان سپیڈ میں بدلے گی۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہباز شر یف نے کہا مسلم لیگ (ن) نے ہر
دور میں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے
ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ ملک وعوام کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیا
ہے۔صحت، تعلیم، انفرااسٹرکچر، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے انقلابی
اقدامات کئے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پنجاب حکومت نے منصوبوں میں اربوں
روپے کی حقیقی بچت کرکے نئی مثال قائم کی ہے۔ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے
بھرپور محنت اور جذبے اور جانفشانی سے کام کیا ہے۔جھوٹ اور بہتان طرازی کی
منفی سیاست کے علمبر دار عناصر کو عوام کے مسائل میں کوئی دلچسپی نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنیوالوں میں رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز
رانجھا،اراکین پنجاب اسمبلی مہوش سلطانہ اورچوہدری زاہد اکرم شامل تھے۔