Apr 19, 2018 04:52 pm
views : 432
Location : Sindh Assembly
Karachi- CM Sindh Syed Murad Ali Shah Press Conference
کراچی ، وفاقی حکومت کو کراچی کی پرواہ نہیں، سید مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ
بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے لیکن وفاق کو پرواہ نہیں ،تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت
دیتا ہوں کہ مل کر وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں میں ان کے ساتھ ہوں۔
سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےسید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی
کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے لیکن وفاق کو کراچی کی پرواہ نہیں۔
عدالت کا فیصلہ ہے کے الیکٹرک کو سوئی سدرن گیس دے گا۔ اس لحاظ سے 270 ایم
جی ڈی ایف گیس کے الیکٹرک کو دینی ہے لیکن اس کے بجائے 90 ایم ایم جی ڈی
ایف گیس دے رہی ہے۔ جس کی وجہ سے 500 میگاواٹ کے پاور پلانٹ بند پڑے ہیں،
بجلی کے مسئلے کی وجہ سے پانی بھی کم مل رہاہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی میں
وفاقی حکومت کا حصہ 73 فیصد ہے۔ وزیراعظم کو اس حوالے سے 2 خط لکھے اور 6
دفعہ فون پر بات کرچکا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے مقابلے میں سندھ کے دیگر حصوں میں لوڈ
شیڈنگ کی صورت حال اس سے بھی خراب ہے۔ نواب شاہ ، میرپورخاص اور لاڑکانہ
میں 16، نوشہرو و فیروز میں 20، سکھر میں 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
(ن) لیگ کی وفاقی حکومت یہ سب سندھ دشمنی میں کر رہی ہے۔ تمام جماعتیں
لوڈشیڈنگ کے خلاف وزیراعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دیتے ہیں، میں ساتھ ہوں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک میں گیس کی کل پیداوار میں سندھ کا حصہ 70 فیصد
ہے، قدرتی وسائل پر سب سے پہلے اسی صوبے کا حق ہے جہاں سے وہ پیدا ہوتا ہے
لیکن سندھ کو ہی گیس نہیں مل رہی۔ لیکن ہمیں کہا جاتا ہے کہ ایل این جی لے
لیں، ہم ایل این جی کیوں لیں، سندھ کے عوام کا پہلا حق اپنی گیس پر ہے۔