لاہور ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے شیرازی برادران کی ملاقات
لاہورمیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے شیرازی برادران نے ملاقات کی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق شیرازی برادران نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اسموقع پر شیرازی برادران نے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے بے مثال اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
شیرازی برادران نے کہا آپ نے دن رات محنت کرکے لاہور سمیت پنجاب کا نقشہ بدل دیا ہے۔آپ کی انتھک محنت اور بے مثال وڑن کو سندھ کے عوام پسند کرتے ہیں۔شہباز سپیڈ،پنجاب سپیڈ نہیں بلکہ پاکستان سپیڈ ہے۔ آپ نے منصوبوں کو وقت سے قبل مکمل کرکے پاکستان میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پاکستان کی ترقی کیلئے ’’میں‘‘ یا ’’تم‘‘ کی روش پر چلنا درست نہیں، اس کیلئے ’’ہم‘‘ کا راستہ اپنانا ہے۔ ’’ہم‘‘کی راہ پر چلنے میں ہی پاکستان کی بقا ہے۔ سب مل کر محنت سے کام کریں تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ایک صوبے کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں، دیگر صوبے خوشحالی کے سفر میں یکساں رفتار سے آگے بڑھیں گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں سندھ میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا تو ترقی کا سفر کراچی سمیت سندھ تک لے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سید ایاز علی شیرازی، سابق رکن قومی اسمبلی سید شفقت حسین شیرازی، سید ریاض شاہ شیرازی اور مسلم لیگ (ن) ٹھٹھہ کے صدر حاجی محمد حنیف میمن شامل تھے۔