لاہور،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چوہدری نثار کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چوہدری نثار کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
لاہور میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمانئدوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار پرانے دوست ہیں، ان سے متعلق سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ایک میرے دوست نے غیرت دکھائی اور ایسی خاتون جس کی صرف نوازشریف کی بیٹی کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں اس کے سامنے جھک کر کھڑا ہونے سے انکار کیا، اس کا آرڈر نہ لینے پر چوہدری نثار کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سینیٹ میں ووٹ بیچنے والوں سے متعلق جو فیصلہ کیا وہ تفتیش کی بنا پر تھا، ان 20 لوگوں کو موقع دیا ہےکہ وہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر صفائی دیں، اگر یہ ہمیں مطمئن نہ کرسکے تو ہم ان کے نام نیب میں دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سب کو پتا تھا سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ بکتا ہے لیکن ساری پارٹیوں کے سربراہ چپ چاپ تماشہ دیکھتے رہیں گے،مجھے ایک سینیٹر بنانے کے لیے 45 کروڑ کی پیشکش ہوئی تھی اس کا مطلب ہے کہ اور لوگوں کو بھی آفریں آتی رہی ہیں، میں نے آفر نہیں لی تو اس لیے آفر دینے والے کا نام نہیں بتا سکتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کبھی کسی پارٹی میں اتنی جرات ہوئی ہے وہ اپنی حکومت کو خطرے میں ڈال کر ووٹ بیچنے والوں کو فارغ کرے، ہمارے پاس باقی پارٹی کے بکنے والے لوگوں کی بھی لسٹ ہے، دیکھ رہے ہیں کہ یہ لوگ ایکشن لیں گے یا نہیں، ورنہ ہم اس لسٹ کو بھی سامنے لائیں گے۔