کراچی،جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ اگر کے
الیکٹرک کو لگام نہ دی گئی اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے دوچار کرنے اور اربوں
روپے لوٹنے کے جرم پر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ہم اسلام
آباد تک لانگ مارچ بھی کرسکتے ہیں۔
جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا
گیا،مظٓہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،مظاہرین
نے ہاتھوں میں پلے کارڈ زاور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات درج
تھے مظاہرین کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت
اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے خلاف
27اپریل کو کراچی میں پُر امن اور رضاکارانہ ہڑتال کی جائے گی، کے الیکٹرک
کو تحفظ دینے والوں کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، کے الیکٹرک کے
خلاف ہم نیب میں بھی جائیں گے ،چیف جسٹس آف پاکستان کے الیکٹرک کے خلاف
ازخود نوٹس لیں تاکہ کراچی کے عوام کو ریلیف مل سکے اور کے الیکٹرک کے خلاف
جماعت اسلامی کے دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کو یقینی بنایا جائے ۔کے
الیکٹرک نے اپنے خلاف فیصلون پر جتنے بھی حکم امتناع لیے ہوئے ہیں ان کو
بھی دیکھا جائے اور ان کا حتمی فیصلہ کیا جائے۔