کوئٹہ ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔
ترجما ن وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں مالی سال 2018۔19ء کا صوبائی
بجٹ 8مئی کو پیش کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں
مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء 27اپریل کو روک دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکموں کو ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کے لئے اپنے
ترقیاتی منصوبے یکم مئی تک محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو ھجوادیں۔
ترجمان کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکریٹری خزانہ نے کابینہ کو رواں
مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبوں کی پیشرفت سمیت ، مالی صورتحال
اور بجٹ کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ کابینہ نے صوبے کے ترقیاتی اورمالی امور
اور آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی غوروخوض
کیا۔
اجلاس کے دوران محکمہ منصوبہ بندی وترقیات اور محکمہ خزانہ کو کابینہ کی
تجاویز کی روشنی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں اتفاق ہوا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن اور عوام دوست بنایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور
تمام شعبوں میں عوامی مفادات کے اجتماعی منصوبوں کو ترجیح دینے کی پالیسی
کو اپنایا جائے گا، کابینہ کی گوداموں میں موجود گندم کو مقرر کردہ نرخوں
پر اوپن مارکیٹ پالیسی کے تحت فروخت کرنے کی منظوری دی ۔
اجلاس شرکاء نے کہا گوداموں میں موجود گندم کو خراب اور ضائع ہونے سے بچایا
جاسکے، عوام کو رمضان المبارک کے دوران سستے داموں گندم اور آٹے کی فراہمی
کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا موجودہ حکومت نے
قلیل مدت میں عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کی ہے،
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوامی فلا ح وبہبود کے ایسے منصوبے شامل کئے گئے
ہیں، عوام کو تعلیم، صحت، آبنوشی، مواصلات اور زندگی کی دیگر بنیادی
سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہم ایک فلاحی بجٹ دے کر جائیں گے، بجٹ میں
انفرادی کی بجائے اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیح حاصل ہوگی۔ مختلف اہم
امور پر صوبائی کابینہ میں مکمل اتفاق رائے سے فیصلے کئے جارہے ہیں، حکومتی
فیصلوں سے عوام کا حکومت اور اداروں پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔ عوام کے
اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائینگے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہم خلوص نیت کے ساتھ اپنی تمامتر صلاحیتیں مسائل کے حل کے لئے بروئے کار لاتے رہیں گے۔