Apr 22, 2018 01:51 pm
views : 465
Location : Sindh Secretariat
Karachi- Information Minister Nasir Hussain Shah Press Conference
کراچی ، سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ملازمین کو معاوضہ کی ادائیگی کے لیے تمام مسائل حل کرائے گئے ہیں، ناصر حسین شاہ
سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے نئی لیبر پالیسی
میں مزدوروں کو فیصلہ سازی کا حق دے کر مزدوروں کے دل جیت لیے ہیں۔ نئی
لیبر پالیسی کے تحت تمام مزدوروں کو سرکاری مراعات اور ملازمتوں کے تحفظ کے
لیے قانونی حق دیا گیا ہے۔ حکومت سندھ نے بلاول بھٹو کی ہدایت پر حکومتی
اداروں کے اختیارات مزدوروں کو منتقل کر دیے ، جو مزدوروں کی خوش حالی کا
سبب بنیں گے۔
کراچی میں سندھ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر
اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا نئی لیبر پالیسی میں تمام مزدور رہنماؤں اور
تنظیموں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ صنعت کاروں کو بھی مشاورت میں شامل کیا
گیا۔ سندھ اسمبلی سے منظور کردہ قوانین کے تحت اب حکومت کی نمائندگی 40
فیصد سے کم کرکے 20 جبکہ ایمپلائی کا شیئر 40 فیصد کر دیا گیا ہے۔ وفات
پاجانے والے مزدوروں کے اہل خانہ کے لیے مزدوروں کی سفارشات کے مطابق قانون
سازی کی گئی ہے۔ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بلاول بھٹو کی ہدایت کے
مطابق قوانین بنائے گئے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ملازمین کو معاوضہ کی
ادائیگی کے لیے تمام مسائل حل کرائے گئے ہیں۔ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے
لیے کئی بورڈ تشکیل دیئے گئے ہیں۔ مزدوروں کے مسائل پر اب کوئی سودے بازی
نہیں ہو گی۔ بلکہ نئی لیبر پالیسی کے تحت مزدوروں کے مسائل حل ہوں گے ۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مزدوروں سے کیے ہوئے تمام
وعدے پورے کر دیئے۔ مزید مسائل آسان کرنے کے لیے قانون سازی کریں گے ۔ نئی
لیبر پالیسی پر عمل درآمد کے لیے تمام حکومتی ادارے اپنا کردار ادا کریں
گے۔ مزدوروں کے لیے سب سے پہلے قوانین شہیدذوالفقار علی بھٹو نے بنائے اور
اب بلاول بھٹو نے سندھ میں نئی لیبر پالیسی بنوا کر اپنے نانا بھٹو کی
جدوجہد کو آگے بڑھایا۔
ایک سوال کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ مزدوروں کا ڈیٹا
جلد آٹو میشن کر دیا جائے گا۔ صحافیوں کے تحفظ کے لیے بھی حکومت لیبر
قوانین کے تحت قانون سازی کے لیے تیا رہے۔