اسلام آباد،عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے،ایس ایس پی تشدد کیس کا فیصلہ 4 مئی تک مؤخر کر دیا
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ایس ایس پی تشدد کیس میں طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے فیصلہ 4 مئی تک مؤخر کر دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کے کیس میں عمران خان کی بریت کی درخواست پر فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا جانا تھا۔
فاضل جج نے سماعت کی تو عمران خان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے جس پر جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ ملزم کی موجودگی میں فیصلہ سنایا جائے گا۔
سماعت کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل شاہد نسیم گوندل کا کہنا تھا کہعمران خان پر جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ تھا عصمت اللہ جونیجو دیگر گواہان نےعمران خان کا نام نہیں لیا،4 مئی کو عمران خان کی بریت کی درخواست کا فیصلہ سنایا جائیگا۔
شاہد گوندل کا کہنا تھا کہ اے ٹی سی کے جج کوثرزیدی کی چھٹی کے سبب 3 مقدمات کی نئی تاریخ 25 مئی مقرر کی گئی ہے،عمران خان 4 مئی کو اے ٹی سی میں پیش ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی آر نمبر 211 میں دو ملزمیں ہیں ایک عمران خان اور دوسرے طاہرالقادری ہیں
عصمت اللہ جونیجو نے جو درخواست دی ہے اس میں عمران خان کا نام نہیں ہے صرف طاہرالقادری کا نام ہے،ہم نے بریت کی درخواست دی ہے عمران خان 4 مئی کو پیش ہوکر اپنا فیصلہ سنیں گے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں 10 تاریخ کو دوبارہ پیش ہوں گے،ڈرنے والے نہیں ہیں،کرپٹ مافیاڈرانا چاہتا ہے ہم بھاگیں گے نہیں۔