کراچی،ہم پر 92 کے الیکشن کے بعد بھی کئی سنگین الزامات عائد کیے گئے مگر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا، خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ متحدہ نے ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور عوامی اعتماد حاصل کیا، اپوزیشن لیڈر سندھ اور میئر کراچی کو ہٹانے کی سازشیں کرنے والے ختم ہوجائیں گے۔
ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صوبائی اور قومی اسمبلیاں اپنی مدت ختم کرنے کو ہیں لہذا کسی بھی قسم کی سازش سے باز رہا جائے، ایم کیو ایم کے پاس ہمیشہ سے ہی شہری سندھ کا85 فیصد مینڈیٹ رہا ہے کیونکہ عوام نے ہم پر اپنے اعتماد کا اظہارکیا۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم بوسیدہ سیاسی اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف ہے، ہم نے ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں اپنا لوہا منوایا اور جو لوگ سیاسی میدان میں ہمیں شکست نہ دے سکے انہوں نے ہمارے خلاف سازشیں کیں، الیکشن قریب آتے ہی سازشیں تیز ہوگئیں، ہم پر 92 کے الیکشن کے بعد بھی کئی سنگین الزامات عائد کیے گئے مگر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا، اس بار کرپشن الزام کی سازش کرنے والی اپنا یہ شوق بھی پورا کرلیں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سیاسی نظام میں تبدیلیاں صرف جمہوری طریقےاور روایت سے ہی آسکتی ہیں اگر کسی کو شوق ہے کہ تو وہ میئر کراچی کو عہدے سے ہٹا نے کے لیے آئینی طریقہ اختیار کرے اگر طاقت کے بل بوتے پر ایسا فیصلہ کیا گیا تو یہ ناکام رہے گا کیونکہ ایم کیو ایم زندہ و مقبول ہے اور ہمیشہ رہےگی۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ بار بار تجربے نہ کیے جائیں کیونکہ ہم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، اسمبلی سے نکلے الیکشن کا بائیکاٹ بھی کیا، آج اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کی سازش ہورہی ہے کیا کوئی بتائے گا کہ ایم کیو ایم کے 51 اراکین میں سے کتنے باقی ہیں اور کتنے اراکین کو مصنوعی جماعتوں میں بھیجا گیا۔