کراچی، سی ٹی ڈی کی کارروائی،سی پیک پر کام کرنیوالے چائنیز انجینئر پر بم دھماکوں میں ملوث ،بھارت سے تربیت یافتہ دہشتگردگرفتار
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع پر گارڈن کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، کارروائی کے دوران دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشتگرد سی پیک پر کام کرنیوالے چائنیز انجینئر پر بم دھماکوں میں ملوث اور بھارت سے تربیت یافتہ ہیں۔
سی ٹی ڈی سول لائن کراچی میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی چوہدری عارف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی ایس ٹی آئی جی نے خفیہ اطلاع پر گارڈن کے علاقے مرزا آدم خان روڈ کشتی مسجد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جئے سندھ متحدہ محاذ شفیع برفت گروپ کے دو دہشتگرد فیاض حسین اور لیاقت علی کو گرفتار کیا،گرفتار ملزمان بھارت سے تربیت یافتہ ہیں۔ ملزمان سی پیک پر کام کرینوالے چائنیز انجینئر پر بم دھماکوں میں بھی ملوث ہیں،ملزمان سندھو دیش بنانے کیلئے ملکی سلامتی کیخلاف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے جس کا اہم ٹارگٹ سی پیک منصوبے کو ثبوتاژ کرنا شامل ہے۔
سی ٹی ڈی انچارج کا مزید کہنا تھا کہ ملزم فیاض حسین کالعدم تنظیم کا ڈسٹرکٹ خیرپور کا انچارج تھا جو 2015 میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے مقدمے میں تھانہ ہنگوریہ میں گرفتار بھی ہوچکا ہے، جبکہ ملزم لیاقت علی سکھر میں ناجائز اسلحہ کے مقدمے میں گرفتار ہوچکا ہے،ملزمان پاکستان مخالف لٹریچر مختلف حلقہ احباب میں تقسیم کرتے تھے اور سندھو دیش بنانے کیلئے لوگوں کی ذہن سازی بھی کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لسانی، ملکی سلامتی کیخلاف لٹریچر، بارودی مواد، سیفٹی فیوز برآمد ہوا ہے۔