اسلام آباد،متحدہ مجلس عمل کا 13 مئی کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان
متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے ہوگیا 13 مئی کومینار پاکستان پر جلسہ ہوگا،امت مسلمہ15 سال سے زائدعرصے سے مشکلات میں ہے، کشمیریوں سمیت ہم پوری امت مسلمہ کی آواز بنیں گے، پاکستان کی قومی سلامتی کو انتہائی اہمیت دیں گے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت متحدہ مجلس عمل کا اجلاس ہوا جس میں سراج الحق، ساجد نقوی، ساجد میر، پیر اعجاز ہاشمی نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد متحدہ مجلس عمل کے صدرمولانا فضل الرحمان نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق رائے ہوگیا 13 مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پورے ملک سےعوام کوجلسےمیں شرکت کی دعوت دی جائے گی، ایک بڑے عوامی مظاہرے کا انعقاد کررہے ہیں۔
متحدہ مجلس عمل کے صدر کا کہنا تھا کہ 2 مئی کوجناح کنونشن سینٹراسلام آباد میں ورکرز کنونشن ہوگا جس میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے جبکہ 29 اپریل کومردان میں بہت بڑا جلسہ ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ملتان میں اور12 مئی کومستونگ میں جلسہ عام ہوگا۔
متحدہ مجلس عمل کے صدر کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ15 سال سے زائدعرصے سے مشکلات میں ہے، کشمیریوں سمیت ہم پوری امت مسلمہ کی آواز بنیں گے، پاکستان کی قومی سلامتی کو انتہائی اہمیت دیں گے۔