حیدرآباد، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل پی جی گیس پلانٹ کا افتتاح کردیا
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹنڈوجام میں واقع کنر آئل فیلڈ پر ایل پی جی منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سندھ کے ایک
روزہ دورے پر ٹنڈوجام پہنچے، جہاں انہوں نے کنر آئل فیلڈ پر ایل پی جی
منصوبے کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم کی آمد کے باعث کنرآئل فیلڈپردو ہیلی پیڈ تیار کئے گئے تھے، آئل
فیلڈ کے دورے کے بعد وزیراعظم ٹنڈو الہٰ یار میں راحیلہ مگسی کی رہائش گاہ
کے لئے روانہ ہوگئے، جہاں وہ شالیمارباغ میں سینیٹرراحیلہ کے ظہرانے میں
شرکت کرینگے، بعد ازاں کراچی کے لئے روانہ ہونگے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے دورے کے دوران نجی اسپتال
کے ڈائیلاسسز یونٹ کا افتتاح کریں گے، اس کے علاوہ کراچی کے مختلف منصوبوں
پر ہونے والے اجلاس کی صدارت کرینگے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے چند روز قبل کراچی کا دورہ کیا تھا جب شہر قائد
میں بجلی کا بحران اپنے عروج پر پہنچ گیا تھا۔ وزیر اعظم نے کے الیکٹرک اور
سوئی سدرن گیس کمپنی کو اپنے آپس کے معاملات حل کر کے شہر کو بجلی کی
فراہمی کی ہدایت کی تھی۔