اسلام آباد, کل جلسہ لاہور کا، مجمع پشاور کا، ایجنڈا کسی اور کا تھا،نواز شریف
aسابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے تحریک انصاف کے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ کل جلسہ لاہور کا، مجمع پشاور کا، ایجنڈا کسی اور کا تھا۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ ’کل جلسہ لاہورکا، مجمع پشاور کا، ایجنڈا کسی اور کا تھا، یہ ہے عمران خان کی اصولی سیاست اور اس کی منہ بولتی تصویر، ہم ہولو نعرے پچھلے کئی سالوں سے سن رہے ہیں لیکن جب واسطہ پڑا تو پتا چلا، جو کچھ خیبرپختونخوا میں کیا دنیا کو پتا لگ گیا، اس کےمقابلے میں جو مرکز اور پنجاب میں ہوا کوئی مقابلہ نہیں۔
سابق وزیر اعظم نےکہا کہ ’آج پنجاب دیکھیں، پھر سندھ، کے پی کے اور بلوچستان دیکھیں، لاہور دیکھیں اور دیگر شہر دیکھیں، دور دور تک کوئی مقابلہ اور موازانہ نظر نہیں آتا، فرق صاف ظاہر ہے، (ن) لیگ جب بھی آئی ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر عمل کیا، آج ملک میں انفرا اسٹرکچر بن رہا ہے، اسلام آباد میں نیا ائیرپورٹ دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے، میں اس کا افتتاح نہیں کرسکا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اس میں ہماری خدمات ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ ہمارے ایجنڈے کو دس بیس سال مل جائیں تو پاکستان کی تصویر بدل سکتی ہے، یہ نیا پاکستان بن جاتا لیکن یہاں کام کرنے کون دیتا ہے، یہاں ٹانگیں کھینچنے والے ٹانگیں کھینچ دیتے ہیں، آج جو فیصلے آرہے ہیں یہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہیں۔