اسلام آباد،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی
شریف خاندان کے خلاف نیب کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست دائر کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں، اس موقع پر نامزد تینوں ملزمان نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
سماعت کے آغاز پر نواز شریف نے تینوں ریفرنسز میں واجد ضیاء کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست دائر کی جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے اعتراض اٹھایا اور کہا کہ گواہ کٹہرے میں پیش ہو چکا ہے اور اب یہ نئی درخواست لے آئے ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل واجد ضیاء پر جرح سے پہلے تینوں ریفرنسز میں بیان کا سوچتے، وکیل صفائی کارروائی کو بلڈوز کرنا چاہتے ہیں۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ہم پہلے مرحلے میں لندن فلیٹس ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنا چاہتے ہیں، نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر صرف ایون فیلڈ ریفرنس میں تفتیشی ہیں اس لیے پہلے ان کا بیان ریکارڈ کرلیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ استغاثہ کے گواہوں کی ترتیب پراسیکیوشن کا قانونی اختیار ہے، واجد ضیاء کے بعد فطری طور پر تفتیشی افسر اگلے گواہ ہیں۔
یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء اپنا بیان قلمبند کراچکے ہیں جن پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز بھی جرح مکمل کرچکے ہیں۔