لاہور، تحریک انصاف کا
29اپریل کا جلسہ روایتی ، ٹھنڈا ٹھار اور دیہاڑی داروں کا جلسہ تھا جس میں
تبدیلی کی ایک رمک بھی نظر نہیں آئی،رانا ثنا اللہ
صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود تبدیل ہو گئی ہے ،29اپریل کے جلسے میں آنے والے لوگ بلکہ پورا اسٹیج بھی وہ نہیں تھا جو 30اکتوبر 2011ء کومینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں تبدیلی کی امید لے کر آئے تھے،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ لوٹوں،بے ضمیروں اور ایجنسیوں کے ایجنٹوں کی نشانی ہے اور عمران خان ایجنسیوں کے آلہ کار ہیں،پنجاب میں سب سے بڑے لوٹے کا مقابلہ شہباز شریف یا حمزہ شہباز اور جو پاکستان کا سب سے بڑا لوٹاہے اس کا مقابلہ نواز شریف یا مریم نواز کریں گی۔
پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا 29اپریل کا جلسہ روایتی ، ٹھنڈا ٹھار اور دیہاڑی داروں کا جلسہ تھا جس میں تبدیلی کی ایک رمک بھی نظر نہیں آئی ، گھریلو خواتین جو 30 اکتوبر کے جلسے میں تبدیلی کے نعرے لگار ہی تھی جن کی آنکھوں میں تبدیلی کی چمک اورامید تھی وہ 29اپریل کے جلسے میں موجود نہیں تھیں ،جلسے میں موجود خواتین کے ٹھمکے بتا رہے تھے یہ کہاں سے آئی ہیں،اس سے قبل ایک رات پہلے آتش بازی پر لاکھوں روپے خرچ کئے گئے اورکرائے پر ڈانس کرنے والے اور والیوں کے ذریعے تماشہ لگایا اور پی ٹی آئی کا لوگوں کو اپنے جلسوں میں راغب کرنے کا یہ ایک طریقہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں وہاڑی، گوجرانوالہ، پشاور اور پورے ملک سے لوگوں کو اکٹھا کیا گیا۔