لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کی ملاقات
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق ملاقات میں عالمی سیاسی صورتحال اور امت
مسلمہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعاون کے
امکانات بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف
کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پاکستان اور ایران کے دیرینہ
برادرانہ تعلقات کا مزید فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایرا ن کے سفیر مہدی
ہنر دوست سے ملاقات ہمیشہ کی طرح باعث مسرت ہے۔ ایران نہ صرف پڑوسی ملک ہے
بلکہ باہمی تعلقات محبت کے رشتے میں گندھے ہیں۔
محمد شہبازشریف نے کہاحالات کیسے بھی ہوں، پاک ایران تعلقات کا گراف کسی
بھی صورت نیچے نہیں آنا چاہیئے۔ خطے کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور
خوشحالی کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ایک دوسرے پر اعتماد کے تعلق کو نبھانا
ہے۔ پاک ایران تجارت کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ باہمی تعاون کو فروغ
دے کر تجارت کے حجم کو بڑھایا جا سکتا ہے۔امت مسلمہ کڑے حالات سے گزر رہی
ہے۔سازشوں کا مل جل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
ملاقات میں لاہور میں ایران کے قونصل جنرل ماجد سعدے گی دولت آبادی،
پولیٹیکل قونصلر محمود بلادی، اکنامک سیکرٹری محسن فتح ابار، اکنامک قونصلر
مہدی ابے دینی ، خواجہ احمد حسان اور دیگر لوگ موجود تھے۔