کراچی ، گورنرسندھ محمد زبیر کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کا دورہ
گورنرسندھ محمد زبیر نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز (کاٹی) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر طارق ملک ، سرپرست ایس ایم منیر ، عبدالحسیب خان ، زبیر چھایا، خالد تواب اور علی مظہر شیخ سمیت دیگر صنعت کار بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے ایسوسی ایشن کے اراکین سے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی معیشت میں کاٹی کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے با الخصوص روزگار کے مواقع اور غربت کے خاتمہ میں ایسوسی ایشن قومی خدمات انجام دے رہی ہے ، ایسوسی ایشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا ئیں گے تاکہ صنعتی فعالیت مزید بہتر ہو سکے اس ضمن میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے متعلق مسائل کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے فوری حل کرایا جا ئے گا۔
محمد زبیر نے کہا کہ صنعتی فعالیت کے لئے حکومت نے بجٹ میں کئی مراعات اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے ترقیاتی منصوبے با الخصوص صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے بڑی رقم مختص کی ہے۔ حکومت کی جامع اور مربوط حکمت عملی کے باعث اب کوئی بھی کراچی کو بند نہیں کراسکتا ہے ،حکومت کے غیر متزلزل عزم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت اور کاوششوں کے باعث کراچی کی رونقیں دوبارہ بحال ہوئی ہیں اور شہر کے باسی سماجی، ثقافتی ،ادبی ، معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں، 2013ء سے حکومت کو ملک میں امن و امان کے قیام اور توانائی بحران جیسے چیلنجز کا سامنا تھا ،کراچی میں امن وفاقی حکومت کے سیاسی عزم اور مثبت سوچ کی بدولت ہی آیاجس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
طارق ملک اور سرپرست ایس ایم منیر نے گورنر سندھ کو کاٹی کے اغراض ومقاصد ، قومی معیشت میں کردار ، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل ، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات سے تفصیلی آگاہ کیا۔ انہوں نے بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدمات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے کاروبار دوست بجٹ قرار دیا۔