لاہور،ہم اب اپنا الگ صوبہ دیکھنا چاہتے ہیں،ہمارے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورانہیں کیا گیا،نواب آف بہاولپور
نواب آف بہاولپورصلاح الدین عباسی نے بہاولپورکو صوبہ بنانے کی ڈیڈ لائن دے دی، کہتے ہیں کہ حکومتی مدت ختم ہونے سے قبل بہاولپور صوبہ بحال کیا جائے، پنجاب اسمبلی کی قرارداد پر فوری عمل نہ ہوا تو مزاحمتی تحریک چلائیں گے۔
مسلم لیگ ق ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواب آف بہاولپور کا کہنا تھا کہ بہاولپور صوبے کی بحالی تین دن میں ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہالپور صوبہ کی بحالی کیلئے پنجاب اسمبلی کی قرارداد پر فوری عمل نہ ہوا تو مزاحمتی تحریک چلائیں گے۔
نواب صلاح الدین نے کہا کہ قائداعظم کراچی ملیرکےعلاقےمیں ہمارے پاس ٹھہرے تھے،قائداعظم محمد علی جناح کیے ساتھ ہم نے3 معاہدے کیے۔ نواب آف بہاولپور نے کہا کہ ہم اب اپنا الگ صوبہ دیکھنا چاہتے ہیں،ہمارے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورانہیں کیا گیا، انہوں نے کہا کہ بہاولپورکا پانی بھی بھارت کودے دیا گیا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ہم بہاولپور صوبہ بحالی تحریک کی حمایت کرتے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ اور بہاولپور صوبہ بحالی تحریک دونوں کو ایک دوسرے کی حمایت کرنی چاہیے۔