پشاور، جماعت اسلامی خیبرپختونخوا حکومت سے علیحدہ ہوگئی، وزراء مستعفی
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا حکومت سے علیحدہ ہوگئی جس کے بعد اس کے وزراء اور پارلیمانی سیکریٹری عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔
دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خیبرپختونخوا حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سراج الحق سے ملاقات کرکے حکومت نہ چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔
پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں جماعت اسلامی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاجماعت اسلامی اب ایم ایم اے کا حصہ بن چکی ہے، ہمارا کوئی اختلاف ہے اور نہ کوئی جھگڑا، ہم خوشی خوشی الگ ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی نے حکومت کے دوران ہماری کافی مدد کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل اسلام آباد میں فاٹا انضمام پر وفاقی نمائندوں سے ملاقات ہوئی، فیصلہ ہوا ہے کہ فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہوجائے گا، 2019 میں فاٹا کو ضم کیا جائے گا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نےعدم اعتماد کے لیے درخواست دی تو گورنر کے حکم کے مطابق فیصلہ ہوگا، اپوزیشن جماعتوں نے میرے ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔