اسلام آباد،نواز شریف کا دماغ ہل گیا ہے،مخالفین کے خلاف کیسز بنوانے کی روایت کو ختم کردیں گے،عمران خان
تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا دماغ ہل گیا ہے ،وہ کہتے پھر رہے ہیں کہ عمران خان کو ووٹ دینا فوج اور عدلیہ کو ووٹ دینے کے مترادف ہیں ،نواز شریف اس نعرے سے ہمیں فائدہ پہنچا رہے ہیں کیونکہ عوام فوج اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ،اس کام پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2014 کے اسلام آباد دھرنے کے دوران قائم کیے گئے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو بری کردیا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس طرح کی جمہوریت آمریت سے بھی بری ہے جس میں قوانین مخالفین کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے،تحریک انصاف طاقت میں آئے گی تو مخالفین کے خلاف کیسز بنوانے کی روایت کو ختم کردیں گے ،انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے نواز شریف پر جوتا پھینکا تو اس پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ بنا دیا گیا ،اس طرح کے کیسز سے حکومتیں دوسروں پر دباؤ ڈالتی ہیں ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ راناثنا اللہ ،طلال چوہدری اور عابد شیر علی جیسے لوگ منافق ہیں ،یہ اوپر اوپر سے خواتین کی عزت کرتے ہیں لیکن حقیقی معنوں میں انہیں خواتین کی عزت نہیں کرنی۔