اسلام آباد، جس ملک کا وزیر داخلہ قاتلانہ حملے میں زخمی ہو اس ملک کا مستقبل کیا ہو گا؟ طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ جس ملک کا وزیر داخلہ قاتلانہ حملے میں زخمی ہو اس ملک کا مستقبل کیا ہو گا؟ سب کو سوچنا چاہیے ہم کس راہ پر چل رہے ہیں،ایسے واقعات سے ملک کا غلط تاثر جاتاہے ، احسن اقبال نے پاکستان کے حوالے سے اپنا کرادر ادا کیا،حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اگر ملک میں امن اور خوشحالی نہ ہو تو دنیا میں غلط امیج اجاگر ہوتا ہے، نواز شریف اس پاکستان کے خلاف ہیں جہاں امن نہ ہو،خوشحالی نہ ہو،ہم پاکستان کو ناکام کرنے کا پلان کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر مملت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور اقتدار میں ملک آگے جا رہا تھا اسٹاک ایکس چینج عروج پر تھی لیکن ن لیگ کی اکثریت کو توڑتے توڑتے ملک کا کیا حال کر دیا گیا، اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے اور صرف ایک اقامہ پر ملک کے منتخب وزیراعظم اور وزیرخارجہ کو نا اہل کر دیا جاتاہے، ایسے فیصلوں سے ملک ترقی نہیں کرتا۔طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں امن کی نہایت نازک صورتحال ہے، ہمیں سیاسی اور مذہبی انتشار سے بچنا ہو گا۔