اسلام آباد،احسن اقبال پر حملہ افسوسناک ہے،پاکستان میں یہ ماحول کیوں بن رہا ہے ؟نواز شریف
نواز شریف کا کہنا ہے احتساب کا عمل اب سب کے گرد چلے گا، نیب کو غیر موثر کرنے کیلئے وزیراعظم سے بات ہوئی تھی، مگر تذبذب کا شکار تھا، کہیں یہ نہ سمجھا جائے کہ میری ذات کیلئے کیا جائے، کیس کا فیصلہ ہونے دیں، پھر نیب قانون کو دیکھیں گے۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھاکہ احسن اقبال پر حملہ غیر معمولی اقدام ہے، نوبت یہاں تک پہنچنا تشویشناک ہے، پاکستان میں یہ ماحول کیوں بن رہا ہے ؟ اسکی تہہ تک جانا چاہیئے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا احسن اقبال پر حملہ افسوسناک ہے، دکھ ہوا، احسن اقبال کے بیٹے سے گزشتہ رات بات ہوئی تھی، شریف کا کہنا تھا عوام کو احساس ہو چکا ہے کہ وہ مالک ہیں، اب فیصلہ بھی قوم کا ہوگا، ضمنی انتخابات میں عوامی موڈ دیکھ لیں،سابق وزیراعظم نے کہا حکومت پالیسی بناتی ہے، ادارے اس پر عمل کرتے ہیں، ضرب عضب کا اعلان میں نے خود اسمبلی میں کیا تھا، چودھری نثار کی طبیعت ناساز تھی، میں نے جا کر اعلان کیا تھا۔
ن لیگ کے قائد نے کہا جیل کا ذکر روز ہوتا ہے، اخبارات میں پڑھتا ہوں، ملکت کا نظام ایک ضابطے اور قانون کے مطابق چلتا ہے، کافی ہوچکا اب مستقبل سنوارنا چاہیے، نیب کو ہمارے خلاف کچھ نہیں مل رہا تو ہمیں بتا دیں ہم ہی کچھ ڈھونڈ لائیں،سارا ثبوت ہفتوں میں آجانا چاہیے تھا اور فیصلہ ہوجانا تھا، لیکن 8 مہینے گزر گئے ہیں نیب کو ہمارے خلاف کچھ نہیں مل رہا، 2013 کے انتخابات سے متعلق عمران خان کے بیان کا نوٹس لیا جانا چاہیے، کوشش کے باوجود ن لیگ سے لوگ نہیں ٹوٹ رہے۔